کراچی (تشکر نیوز) – میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے، اور شہریوں کو بہتر سہولت فراہم کرنے کے لیے سڑکوں کی استرکاری کی جا رہی ہے۔ انہوں نے شیریں جناح کالونی میں شاہراہ غالب نزد پی ایس او پیٹرول پمپ، کیماڑی گیٹ نمبر 2 کے قریب سڑک کی استرکاری کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام علاقے کے مکینوں کی سہولت کے لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ انہیں بہتر سفری سہولت مل سکے۔
سندھ فوڈ اتھارٹی نے کھلے تیل کو مضر صحت قرار دے دیا، عوام کو استعمال نہ کرنے کی ہدایت
میئر کراچی نے کہا کہ کراچی میں جاری ترقیاتی کاموں کی تیزی اور ان کے نتائج شہر کی رونقوں اور روشنیوں کی بحالی کا واضح ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے وسائل اور اختیارات کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے شہر کے مختلف اضلاع میں ترقیاتی کاموں کو جاری رکھے ہوئے ہے، اور ان اقدامات کے ذریعے شہر کی حالت میں بہتری لا کر شہریوں کی زندگی میں آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شیریں جناح کالونی میں بھاری ٹریفک کے باعث سڑکوں کی حالت تشویش ناک تھی اور اکثر ٹریفک جام کے مسائل کا سامنا تھا۔ کیماڑی گیٹ نمبر 2 کے قریب سڑک کی خستہ حالت کے پیش نظر فوری طور پر اس کی استرکاری کا فیصلہ کیا گیا، اور اس پر کام تیز رفتاری سے جاری ہے۔ انشاء اللہ یہ منصوبہ جلد مکمل کر لیا جائے گا تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں مزید سہولت ملے۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کی خوشحالی اور سہولت ہماری اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ شہر کی ترقی کے عمل کو تیز کرنے اور شہریوں کو بہترین سہولت فراہم کرنے کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔