تشکُّر نیوز رپورٹنگ،
کسی پر تنقید نہیں کروں گا، اچھے کردار کا ایک ووٹ ہی کافی ہے، چوہدری نثار
سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے 8 فروری کے الیکشن کیلئے انتخابی مہم کا آغاز کردیا۔ کہتے ہیں کسی پر تنقید نہیں کروں گا، اچھے کردار کا ایک ووٹ ہی میرے لئے کافی ہے، بدکردار کے ہزار ووٹ بھی منظور نہیں۔
راولپنڈی کے نواحی علاقے راجڑ میں پہلے انتخابی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ اور ن لیگ سے علیحدگی اختیار کرنیوالے رہنماء چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ کسی پر تنقید نہیں کروں گا، میں بانی پی ٹی آئی پر تنقید کر سکتا ہوں مگر نہیں کروں گا کیونکہ وہ پچاس سال سے میرا دوست ہے، مسلم لیگ ن سے بھی برسوں تعلق رہا۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ 8 فروری کو قومی اسمبلی کی 2 اور پنجاب اسمبلی کی ایک نشست پر تاریخی فتح حاصل کروں گا اور پاکستان کو بچانے کے عمل کا حصہ بنوں گا، الیکشن کے روز سب نتائج کو خود دیکھوں گا۔
چوہدری نثار علی خان نے اپنے ساتھیوں کو ہدایت کی کہ تمام سپوٹررز بھی پولنگ شروع ہونے سے گنتی ختم ہونے تک ہوشیار رہیں اور کسی بھی گڑبڑ کی صورت میں فوری اطلاع دیں۔
واضح رہے کہ 2018ء کے عام انتخابات میں چوہدری نثار علی خان قومی اسمبلی کی نشست ہار گئے تھے جبکہ پنجاب اسمبلی کی نشست پر انہیں کامیابی ملی تھی تاہم انہوں نے اپنی رکنیت کا حلف نہیں اٹھایا تھا۔