وزیراعظم شہباز شریف آج اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے

وزیراعظم شہباز شریف آج رات نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس سے خطاب کریں گے، جس میں فلسطین اور کشمیر کے مسائل کو اٹھائے جانے کا امکان ہے۔

لاپتا افراد کیس: اسلام آباد ہائیکورٹ نے خفیہ ایجنسیوں کے اہلکاروں کو طلب کر لیا

وزیر اعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے مکمل اجلاس سے خطاب کریں گے، جو پاکستانی وقت کے مطابق آج شام 6 بجے شروع ہوگا۔

قبل ازیں، وزیراعظم شہباز شریف اور عراقی وزیراعظم محمد شیاع السودانی کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاک-عراق دوطرفہ تعلقات کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف کی عراقی وزیراعظم سے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں ملاقات ہوئی۔

مزید بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف نے پاکستان اور عراق کے مابین مضبوط تعلقات کو خوش آئند قرار دیا، جن کی بنیاد تاریخ، ثقافت اور مذہب پر مبنی ہے۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے پاکستانی زائرین کے لیے ہر سال کیے جانے والے انتظامات پر عراقی حکومت کو سراہا۔   مزید بتایا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاک-عراق دوطرفہ تعلقات کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے پر اتفاق کیا اور ملاقات میں باہمی طور پر تعاون کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کے مابین موجود استعداد سے استفادہ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا، دونوں رہنماؤں نے غزہ پر جاری اسرائیلی قتل عام، ظلم و جبر اور لاکھوں انسانی زندگیوں کی تباہی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

مزید بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف نے پاکستان کی جانب سے غزہ میں فوری جنگ بندی اور غزہ کی نسل کشی کا ذمہ دار اسرائیل کو ٹھہرانے کے مطالبے کا اعادہ کیا۔   اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی مسائل پر اتفاق کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے غزہ میں فوری جنگ بندی اور فلسطینی بہن بھائیوں کو انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی کے لیے اقوام متحدہ اور او آئی سی کے پلیٹ فارمز پر بین الاقوامی کوششوں کو مزید مؤثر اور تیز کرنے پر زور دیا۔

واضح رہے کہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا میں موجود ہیں، جہاں وہ آج شام خطاب کریں گے۔

گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر عالمی مالیاتی فنڈ کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کی تھی اور دونوں رہنماؤں نے معاشی استحکام اور ترقی کو فروغ دینے کے لیے حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے ملاقات کی۔

 

 

شہباز شریف نے جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر سے بھی ملاقات کی تھی، جس میں پاک برطانیہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مختلف شعبوں بالخصوص تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔

61 / 100

One thought on “وزیراعظم شہباز شریف آج اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!