اسلام آباد: بیلاروس کے صدر عزت مآب الیگزینڈر لوکاشینکو نے آج اسلام آباد میں پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی تعاون کے امکانات اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف نے اسلام آباد میں لشکر سے نمٹنے کیلیے بھرپور تعاون فراہم کیا، وزیراعظم
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے عالمی اور علاقائی امور میں بیلاروس کے اہم کردار کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم اور وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے بیلاروس کے ساتھ دفاعی تعاون بڑھانے اور مشترکہ سلامتی کے مسائل پر مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
صدر لوکاشینکو نے ملاقات کے دوران پاکستان کی مسلح افواج کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دی جانے والی قربانیوں کو سراہا اور اس بات کا اعتراف کیا کہ پاکستان نے ہمیشہ علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کی مزید ترقی کے لیے مفید اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔