تشکر نیوز: پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد شاداب رضا نقشبندی نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ایک جلوس کے اختتام پر نورانی چورنگی (نمائش) پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی ولادت سے عالم انسانیت کو گمراہی کے اندھیروں سے نجات ملی۔ انہوں نے کہا کہ خاتم النبیین محمد مصطفی ﷺ قیامت تک کے لیے نیا ضابطہ حیات اور امن وسلامتی کا مکمل دین اپنے ساتھ لائے۔
محکمہ ایکسائز سندھ کی جانب سے پریمئم نمبر پلیٹس کے لیے آن لائن بولی کا آغاز
شاداب رضا نقشبندی نے عید میلاد النبی ﷺ کو اللہ کی رحمتوں اور نوازشوں کا شکر گزار ہونے اور خوشیوں کا اظہار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ تمام عیدوں کی عید ہے اور یہ دن نبی کریم ﷺ کی ولادت کی بدولت انسانیت کے لیے روشنی اور ہدایت کا باعث ہے۔
انہوں نے موجودہ حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اس عظیم دن کے موقع پر حضور اکرم ﷺ کی اسوہ حسنہ پر عمل کرتے ہوئے عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ ملک میں مذہبی انتشار اور فساد کی سازشیں کرنیوالے یہود و نصاریٰ کے ایجنٹ ہیں اور ختم نبوت ﷺ کا تحفظ ہر مسلمان کا ایمانی فرض ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ختم نبوت ﷺ و ناموس رسالت ﷺ کے ایکٹ کو تبدیل کرنے کی کسی بھی سازش کو کامیاب ہونے نہیں دیا جائے گا۔ شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ قادیانیوں کو آئین کی روح کے مطابق روکنے کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا اور ختم نبوت ﷺ کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ میلاد مصطفی ﷺ منانا اللہ کی وحدانیت کی دلیل اور عشق رسول ﷺ کی علامت ہے، اور پاکستان میں نظام مصطفی ﷺ کا نفاذ ملک کی ترقی اور مسائل کا حل ہے۔ شاداب رضا نقشبندی نے مذہبی اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دین اسلام امن و سلامتی اور احترام انسانیت کا درس دیتا ہے اور ہمیں فرقہ واریت کو ختم کرنے کے لیے اسلام کی اصل روح پر چلنا ہوگا۔
آخر میں، شاداب رضا نقشبندی نے گستاخی رسول کے واقعات کی شدید مذمت کی اور ان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا، ساتھ ہی شعائر اسلام کی توہین کو روکنے کے لیے آئین و قانون کی فوری حرکت میں لانے کا بھی مطالبہ کیا۔