تشکر نیوز: محکمہ ایکسائز سندھ نے پریمئم نمبر پلیٹس کے لیے آن لائن بولی کا عمل شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پلاٹینم، گولڈ اور سلور کیٹیگریز میں نمبر پلیٹس پر آن لائن بولی لگائی جا سکے گی۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کے مطابق، اس اقدام کا مقصد صوبے میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے گھروں کی تعمیر کے لیے فنڈز اکٹھا کرنا ہے۔
نبی بخش باربر شاپ ڈکیتی: دو ملزمان گرفتار، لوٹی ہوئی رقم اور چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد
شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں بتایا گیا کہ پریمئم نمبر پلیٹس کے لیے ایک خصوصی پورٹل متعارف کرایا جائے گا، جس پر خواہشمند افراد پلاٹینم، گولڈ اور سلور کیٹیگریز میں بولی لگا سکیں گے۔ آن لائن بولی کا عمل مقررہ مدت کے دوران جاری رہے گا، اور 12 اکتوبر 2024 کو کراچی میں ایک بڑے فنڈ ریزنگ ایونٹ کا بھی منصوبہ بنایا گیا ہے۔
اس ایونٹ میں پریمئم اور پرسنلائزڈ نمبر پلیٹس پر بولی لگائی جائے گی، اور بولی سے حاصل ہونے والی تمام رقم سندھ میں سیلاب متاثرین کے ہاؤسنگ پروجیکٹ کے لیے مختص کی جائے گی۔ مزید برآں، پریمئم نمبر پلیٹس کی دوبارہ فروخت کے لیے بھی ایک پورٹل متعارف کرایا جائے گا۔
محکمہ ایکسائز نے منشیات کے خلاف ڈیوٹی میں غفلت برتنے والے افسران اور ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ معاشرے کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے کارروائیوں میں تیزی لائی جائے گی، اور پولیس فورس سے اضافی افرادی قوت اور وسائل بھی فراہم کیے جائیں گے تاکہ منشیات کے سمگلنگ نیٹ ورکس کے خلاف ایک مؤثر مہم چلائی جا سکے۔