تشکر نیوز: کراچی گالف کلب میں 28ویں چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب اور میڈیا بریفنگ کا انعقاد کیا گیا۔ یہ چیمپئن شپ 8 سے 11 اگست 2024 تک جاری رہے گی۔
افتتاحی تقریب میں کمانڈر کراچی، ریئر ایڈمرل محمد سلیم نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور چیمپئن شپ کا افتتاح کیا۔ میڈیا بریفنگ کے دوران، پاکستان نیوی گالف (ساؤتھ) کے صدر کموڈور راشد محمود شیخ نے چیمپئن شپ اور مختلف کیٹیگریز کے انعقاد کی تفصیلات فراہم کیں۔
پاک بحریہ کے جہاز یرموک کا بحرین میں دورہ، مشقیں اور دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی
چیمپئن شپ مختلف کیٹیگریز میں کھیلی جائے گی جن میں پروفیشنلز، سینئر پروفیشنلز، جونیئر پروفیشنلز، امیچرز، سینئرز، ویٹرنز، لیڈیز جونیئرز اور پرو ایمیچرز شامل ہیں۔ میڈیا کو انعامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا، جس میں ‘ہول ان ون’ اسکور کرنے والے کھلاڑی کو خصوصی طور پر ‘ٹویوٹا فارچیونر’ دیا جائے گا۔
پاکستان نیوی نے 1995 میں کراچی گالف کلب میں چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ کا آغاز کیا تاکہ پاکستان گالف فیڈریشن کے کیلنڈر میں ایک قومی سطح کا ایونٹ شامل کیا جا سکے۔ تب سے، یہ نیشنل گالف سرکٹ کا ایک اہم اور باقاعدہ ایونٹ بن گیا ہے۔ اس ایونٹ کا باقاعدہ انعقاد قومی و بین الاقوامی سطح پر گالف کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کے عزم کا مظہر ہے اور یہ پاکستان کے امن پسند اور کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے مثبت امیج کو اجاگر کرنے کا بھی موقع فراہم کرتا ہے۔
افتتاحی تقریب میں اسپانسرز، گالف کھلاڑیوں اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔