تشکر نویز: امریکا اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو فتح کے لیے 177 رنز کا ہدف دے دیا۔
بارباڈوس کے میدان پر بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو 23 رنز پر ٹیم کی دو وکٹیں گر گئیں۔
روہت شرما 9 اور ریشبھ پنت بغیر کوئی رن بنائے کیشو مہاراج کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل عبد الرشید سولنگی کا رین ایمرجنسی کا دورہ
چوتھے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے سوریا کمار یادیو 3 رنز بنا کر کگیسو ربادا کا شکار بنے۔
اس کے بعد ویرات کوہلی اور اکشر پٹیل کے درمیان 72 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی جس کے بعد اکشر پٹیل 47 قیمتی رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں مسلسل ناکام رہنے والے ویرات کوہلی نے بڑے میچ میں بڑی اننگز کھیلی اور نصف سنچری مکمل کی۔ وہ 59 گیندوں پر 74 رنز بنا کر مارکو جانسن کو وکٹ دے بیٹھے۔
شیوم ڈوبے 27 رنز بنا کر جانسن کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔
بھارتی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 176 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔
کیشو مہاراج نے 2، کگیسو ربادا، مارکو جانسن اور آنرخ نورکیا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ جنوبی افریقہ ایک اچھی ٹیم ہے اور اچھی کرکٹ کھیلی ہے، ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
جنوبی افریقہ کے کپتان ایڈن مارکرم نے کہا کہ ہم پر کوئی دباؤ نہیں، ہمارے لیے ایک سنہری موقع ہے، ہم بھی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنا چاہتے تھے، ہمیں خود پر یقین ہے، آج ایک اچھا مقابلہ ہوگا۔
دونوں ٹیمیں پہلی بار انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) فائنل میں مدمقابل ہیں، اس سے پہلے 2014 کے ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھارت اور جنوبی افریقہ کا مقابلہ ہوا تھا جس میں بھارت کو کامیابی ملی تھی۔
آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ کی تاریخ میں پہلی بار کوئی بھی ٹیم ناقابل شکست رہتے ہوئے ورلڈ چیمپئن کا تاج اپنے سر سجائے گی، کیوں کہ دونوں ہی ٹیمیں اب تک ناقابل شکست رہی ہیں۔
جنوبی افریقہ نے گروپ مرحلے میں بنگلہ دیش، سری لنکا، نیدرلینڈز اور نیپال کے خلاف فتوحات حاصل کیں اور سپر ایٹ مرحلے میں امریکا کے علاوہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز جیسی مضبوط ٹیموں کو شکست دی، جبکہ سیمی فائنل میں افغانستان کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دے کر پہلی بار فائنل میں رسائی حاصل کی۔
دوسری جانب بھارت نے اپنی مہم کا آغاز آئرلینڈ، پاکستان، امریکا کے خلاف جیت سے کیا، کینیڈا کے خلاف میچ بارش کی نذر ہوگیا، سپر ایٹ مرحلے میں بھارت نے افغانستان، بنگلہ دیش کے علاوہ آسٹریلیا کو شکست دی، جب کہ سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 68 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔