لاہور (تشکر نیوز) غیر قانونی یتیم خانے سے 32 کم سن بچوں کو ریسکیو کرلیا گیا۔ چائلڈپروٹیکشن اینڈویلفیئربیورو نے ایک کارروائی میں لاہور کے علاقے گجومتہ میں قائم غیرقانونی یتیم خانہ سے 32 کم سن بچوں کو ریسکیوکرلیا گیا۔ کارروائی سے قبل ٹیم نے ملت ٹاؤن کے علاقے میں بنائے گئے گھرانہ یتیم خانہ کا دورہ کیا ، جہاں کمسن اور معصوم بچے انتہائی گندے ماحول اور کسمپرسی کی حالت میں رکھے گئے تھے۔
بیورو کی ٹیم نے تمام 32 بچوں جن میں 18 لڑکے اور 14 لڑکیاں ہیں، کو ریسکیو کرکے چائلڈپروٹیکشن بیورو لاہور منتقل کردیا، جہاں اب ان بچوں کی دیکھ بھال کی جائے گی جب کہ غیرقانونی یتیم خانہ کی سربراہ نگینہ قمر کے خلاف پی ڈی این سی ایکٹ 2004 کی دفعہ 20 اے اور دفعہ 34 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
چائلڈپروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب کی چیئرپرسن و رکن پنجاب اسمبلی سارہ احمد نے تشکر نیوز کو بتایا کہ قانون کے مطابق لاوارث ،بے سہارا اور یتیم بچوں کو قیام کی سہولت فراہم کرنے والے ادارے کا بیورو کے پاس رجسٹرڈ ہونا ضروری ہے۔ ایسے ادارے جو بیورو کے پاس رجسٹرڈ نہیں ہیں، ان کے خلاف کارروائی کی جاسکتی ہے۔