‘پاکستانی میڈیا بھارتی سلیبریٹیز کو دکھاتا ہے لیکن وہ ہمیں نہیں دکھاتے’

پاکستان کے معروف فیشن ڈیزائنر و اداکار حسن شہریار  یٰسین (ایچ ایس وائی) نے بھارتی اداکاروں کے پاکستانی اشتہارات اور مختلف مہم میں دکھانے پر اعتراض کیا ہے۔

حال ہی میں ایچ ایس وائی نے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کی جس میں انہوں نے پاکستان کے بگڑتے حالات سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔

ڈیزائنر نے کہا کہ جب میں اسی ملک میں رہتے ہوئے صرف 2500 روپے سے اپنی کمپنی اور بزنس سیٹ کرسکتا ہوں تو دوسرے لوگ بھی چاہیں تو اپنے ملک میں رہ کر کامیاب ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپنے گھر کو کون چھوڑ کر جاتا ہے؟ پاکستان کو ہماری ضرورت ہے، خود پر بھروسہ رکھیں اور محنت کریں، پاکستان کی چھوٹی سی تاریخ میں ہمیشہ ہی اسے معاشی اور سیاسی طور پر مشکلات کا سامنا رہا ہے لیکن ایسے میں گھر چھوڑ کر بھاگنا مسئلے کا حل نہیں ہے۔

حسن شہریار نے کہا کہ ہمارے اشتہارات میں بھارتی سلیبریٹیز کو دکھایا جاتا ہے، ہمارے میڈیا میں بھارتی شخصیات کو کوریج ملتی ہے لیکن بھارتی میڈیا پاکستانی سیلیبریٹیز کو نہیں دکھاتا۔

انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا مجھےبھارتی لوگوں سے کوئی مسائل نہیں لیکن میرا ایک اصول ہے کہ عزت دو اور عزت لو، وہاں کا میڈیا ہمارے لوگوں کو پروموٹ نہیں کرتا تو ہم کیوں کریں؟ ہمارے پاس اپنے لوگ ہیں۔

 

 

دوران شو ایچ ایس وائی نے یہ بھی کہا کہ مجھے اس بات کی پرواہ نہیں کہ اگر میں سچ بولوں گا تو میرے کاروبار پر فرق پڑے گا اور بھارتی مداح میرے کپڑے خریدنا بند کردیں گے، مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، میرے اپنے ملک کے بہت خوبصورت لوگ ہیں جو میرے کپڑے لیتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!