این سی سی آئی اے کراچی نے کارروائی کرتے ہوئے نجی کمپنی کے سابق ملازم محمد انس کو حیدرآباد سے گرفتار کرلیا۔ ملزم پر صارفین کا ڈیٹا چوری کرکے جعلی بیوٹی اور اسکن کیئر مصنوعات فروخت کرنے کا الزام ہے۔
صارفین کا ڈیٹا استعمال کرنے کا الزام
حکام کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر کمپنی کے صارفین کے آرڈر ریکارڈ، موبائل نمبرز اور گھروں کے پتے غیرقانونی طور پر حاصل کیے۔ اس ڈیٹا کے ذریعے صارفین کو اصل مصنوعات کے بجائے جعلی بیوٹی اور اسکن کیئر مصنوعات بھیجی جاتی تھیں۔
تین لیپ ٹاپ اور موبائل فون قبضے میں
کارروائی کے دوران این سی سی آئی اے نے تین لیپ ٹاپ، ایک موبائل فون اور مبینہ جعلی مصنوعات قبضے میں لے لیں۔ ضبط شدہ مصنوعات میں گلوتا وائٹ اور حیا بائی رابی کے نام سے فروخت ہونے والی اشیا بھی شامل ہیں۔
حکام کے مطابق الیکٹرانک شواہد کی ابتدائی جانچ میں جعلی مصنوعات کی فروخت سے متعلق ڈیجیٹل ریکارڈ بھی ملا ہے۔
مقدمہ درج، مزید تحقیقات جاری
این سی سی آئی اے نے گرفتار ملزم محمد انس اور دیگر افراد کے خلاف ایف آئی آر نمبر 139/2026 درج کرلی ہے۔ مقدمہ پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) اور پاکستان پینل کوڈ کی متعلقہ دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ فراڈ میں مبینہ طور پر ملوث دیگر افراد، صارفین کے ڈیٹا کے غیرقانونی استعمال اور مالی لین دین کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔