کراچی میں ملاقات کے دوران چھوٹے انتظامی یونٹس کے قیام اور سیاسی رابطوں کے تسلسل پر اتفاق کیا گیا۔
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما سید مصطفیٰ کمال نے عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے رہنما شاہی سید سے مردان ہاؤس کراچی میں ملاقات کی۔
ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی و انتظامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نئے انتظامی یونٹس کے قیام اور پاکستان کو مضبوط بنانے کے لیے ضروری اصلاحات بھی زیر بحث آئیں۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما انیس قائم خانی، فرقان اطیب، نیک محمد اور شاکر علی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
چھوٹے انتظامی یونٹس کی ضرورت پر اتفاق
دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ پاکستان کو مضبوط، مستحکم اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے انتظامی اصلاحات ضروری ہیں۔
ان کے مطابق چھوٹے انتظامی یونٹس کا قیام ملک کے خلاف نہیں۔ اس کا مقصد بہتر انتظامی نظام قائم کرنا، عوامی مسائل حل کرنا اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہے۔
کراچی کی تمام قومیں ایک ہیں، رہنما
ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ کراچی میں بسنے والی تمام قومیں ایک ہیں۔ شہر اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے تمام طبقات کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔
دونوں رہنماؤں نے ملک اور عوام کے وسیع تر مفاد میں سیاسی قیادت کے درمیان رابطے جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے باہمی مشاورت اور مکالمے کا سلسلہ بھی برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔