کراچی: خواتین کے تحفظ کے لیے ایسٹ زون پولیس کا آگاہی واک، ’رسائی 15‘ منصوبہ متعارف

خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر ایسٹ زون پولیس اور ڈاکٹر عیسیٰ لیبارٹری اینڈ ڈائیگناسٹک سینٹر کے اشتراک سے آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔

25 نومبر 2026 کو ہل پارک، بلاک 6، پی ای سی ایچ ایس میں ہونے والی واک میں خواتین پولیس افسران، لیڈی کانسٹیبلز اور ڈاکٹر عیسیٰ لیب کی نمائندہ آمنہ فاروق، عبدالروف صدیقی سمیت خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

خواتین کے تحفظ کے لیے ’رسائی 15‘ منصوبہ متعارف

ڈی آئی جی ایسٹ زون ڈاکٹر فرخ علی کے تعاون اور اے ایس پی ندا جنید کی کوششوں سے پائلٹ منصوبہ ’رسائی 15‘ متعارف کرایا گیا۔

اس منصوبے کا مقصد خواتین کو تحفظ اور فوری معاونت فراہم کرنا ہے۔ اس کے تحت ایسٹ زون میں خواتین کو درپیش ہراسانی، گھریلو تشدد، جنسی حملے اور دیگر جرائم کی شکایات پر ’رسائی 15‘ یونٹ کارروائی کرے گا۔

منصوبے کے تحت ان شکایات پر صرف خواتین پولیس افسران کارروائی کریں گی۔ اس اقدام کا مقصد متاثرہ خواتین کو بلا خوف و خطر شکایات درج کرانے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

’اب ڈرنا نہیں ہے‘ کا پیغام

آگاہی واک کے شرکاء نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ انہوں نے ’اب ڈرنا نہیں ہے‘ کا پیغام دیا۔

مقررین نے کہا کہ واک کا مقصد عوام میں یہ شعور اجاگر کرنا ہے کہ سندھ پولیس خواتین کے ساتھ کھڑی ہے۔ خواتین پر کسی بھی قسم کا تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ڈاکٹر عیسیٰ لیبارٹری اینڈ ڈائیگناسٹک سینٹر کی چیف آپریٹنگ آفیسر ڈاکٹر نادیہ فرحان عیسیٰ نے بھی واک میں خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے خواتین کے تحفظ کے لیے سندھ پولیس کے اقدام کو سراہا۔

ہنگامی صورتحال میں 15 پر کال کریں، اے ایس پی ندا جنید

اے ایس پی ندا جنید نے کہا کہ ’رسائی‘ ٹیم کا مقصد خواتین کو فوری مدد فراہم کرنا ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں خواتین 15 پر کال کریں۔

ان کے مطابق کال موصول ہونے پر خصوصی تربیت یافتہ لیڈی پولیس افسران فوری رسپانس دیں گی۔

ڈی آئی جی ایسٹ زون ڈاکٹر فرخ علی نے کہا کہ محفوظ خواتین، محفوظ معاشرہ ہمارا نعرہ ہے۔ ایسٹ زون میں خواتین کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!