ایف آئی اے فیصل آباد کی تین کارروائیاں، 66 لاکھ روپے کا ویزا فراڈ بے نقاب، دو ملزمان گرفتار

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے فیصل آباد زون میں انسانی اسمگلنگ، ویزا فراڈ اور جعلی ادویات کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف تین کارروائیاں کیں۔ ان کارروائیوں کے دوران دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

ایف آئی اے کے مطابق یہ کارروائیاں ڈائریکٹر فیصل آباد زون ثاقب سلطان کی ہدایات پر کی گئیں۔

کروشیا ورک ویزا فراڈ، 66 لاکھ روپے وصول کرنے کا الزام

ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل فیصل آباد نے لاہور کے علاقے گلبرگ میں کارروائی کرکے ملزم غفار احمد کو گرفتار کر لیا۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزم پر شہری سے اس کے بیٹے کو کروشیا کا ورک ویزا دلوانے کے نام پر 66 لاکھ روپے وصول کرنے کا الزام ہے۔ تاہم، ملزم نے مبینہ طور پر نوجوان کو کروشیا کے بجائے آذربائیجان بھجوا دیا۔

کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے موبائل فون بھی برآمد ہوا۔ اس کے خلاف مقدمہ نمبر 643/2026 درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

جعلی ویٹرنری ادویات فروخت کرنے والا ڈرگ ہاؤس مالک گرفتار

دوسری کارروائی میں ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل فیصل آباد نے ڈپٹی ڈائریکٹر ہاشم رضا کی نگرانی میں مزمل ڈرگ ہاؤس کے مالک محمد رمضان کو گرفتار کیا۔

ایف آئی اے کے مطابق ڈرگ ہاؤس نے ایسی ویٹرنری دوا کی خرید و فروخت کی تھی جسے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری نے جعلی قرار دیا تھا۔

اس معاملے میں مقدمہ نمبر 54/2026 ڈرگ ایکٹ 1976 کی دفعات 23 اور 27 کے تحت درج ہے۔ دیگر نامزد ملزمان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔

ویزا فراڈ کے دیگر ساتھیوں اور مالی لین دین کی تحقیقات

تیسری کارروائی کے تحت ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل فیصل آباد نے کروشیا ورک ویزا فراڈ کیس میں گرفتار ملزم کے دیگر ساتھیوں اور مالی لین دین کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

ایف آئی اے کے مطابق بیرونِ ملک ملازمت کے نام پر فراڈ اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

ترجمان ایف آئی اے فیصل آباد زون نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ، غیر قانونی امیگریشن، ویزا فراڈ اور جعلی ادویات کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!