اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف 12 کارروائیاں کیں۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائیوں کے دوران 13 ملزمان گرفتار ہوئے۔ مجموعی طور پر 89.771 کلوگرام منشیات برآمد کی گئیں۔ ان کی مالیت ایک کروڑ 81 لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔
تعلیمی اداروں کے قریب کارروائیاں
اے این ایف نے تین میلہ چوک، کامرہ روڈ اٹک پر واقع ایک ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کے قریب کارروائی کی۔ ملزم کے قبضے سے 1.2 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔
جامشورو، حیدرآباد میں ایک یونیورسٹی کے قریب بھی کارروائی کی گئی۔ یہاں ملزم سے 500 گرام آئس برآمد ہوئی۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔
کوئٹہ، سکھر اور حیدرآباد میں منشیات برآمد
بلیلی چیک پوسٹ کوئٹہ پر ایک گاڑی کی تلاشی کے دوران 60 کلوگرام افیون برآمد ہوئی۔ اس کارروائی میں دو ملزمان گرفتار کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق ملزمان نے منشیات گاڑی کے ٹرنک اور سیٹ کے نیچے چھپا رکھی تھی۔
سکھر میں شکارپور روڈ پر بس ٹرمینل کے قریب کارروائی میں ایک ملزم گرفتار ہوا۔ اس کے بیگ سے 12 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔
حیدرآباد کے علاقے سحرش نگر میں خفیہ اطلاع پر دو کارروائیاں کی گئیں۔ پہلی کارروائی میں موٹر سائیکل سوار سے 3.6 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔
دوسری کارروائی میں ایک گاڑی سے 2.5 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔ ترجمان کے مطابق ملزمان نے آئس گاڑی کے اسپیکر میں چھپا رکھی تھی۔
ایئرپورٹس پر منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر عمرے کے لیے جانے والے ایک مرد اور خاتون کے سامان سے آئس برآمد ہوئی۔ منشیات ان کے بیگ میں موجود کپڑوں میں جذب کی گئی تھی۔
ترجمان کے مطابق کپڑوں کا مجموعی وزن 8.69 کلوگرام تھا۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر دو الگ کارروائیوں میں بھی مسافروں کو گرفتار کیا گیا۔ شارجہ جانے والے مسافر کے پیٹ سے ہیروئن بھرے 85 کیپسول برآمد ہوئے۔ ان کا مجموعی وزن 518 گرام تھا۔
دوسری کارروائی میں سعودی عرب جانے والے مسافر کے پیٹ سے کوکین بھرے 106 کیپسول برآمد ہوئے۔ ان کا مجموعی وزن 583 گرام تھا۔
پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دوحہ جانے والے مسافر کے بیگ سے 180 گرام آئس برآمد ہوئی۔ اے این ایف نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
کراچی میں کوریئر پارسل اور دیگر کارروائیاں
کراچی کے ایک نجی کوریئر آفس میں دبئی بھیجے جانے والے پارسل کی تلاشی لی گئی۔ اس میں موجود کاغذات سے 300 گرام جذب شدہ کینابینائڈ برآمد ہوا۔
گلشن اقبال کراچی میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران ایک ملزم گرفتار کیا گیا۔ اس کے قبضے سے 500 کلوگرام پوٹاشیم پرمیگنیٹ برآمد ہوا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
