گل پلازہ گرانے کے لیے 17 کمپنیوں کی درخواستیں موصول، ٹیکنیکل بڈز کھول دی گئیں

گل پلازہ کو منہدم کرنے کے لیے جمع کرائی گئی ٹیکنیکل بڈز سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے دفتر میں کھول دی گئیں۔

اس عمل میں 17 کمپنیوں نے دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے اپنی درخواستیں جمع کرائیں۔

بڈز کی جانچ پڑتال

ٹیکنیکل بڈز کی جانچ گل پلازہ ڈیمولیشن آکشن کمیٹی کے ارکان کی موجودگی میں کی گئی۔

کمیٹی کی سربراہی چیئرمین اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے فرحان قیصر نے کی۔ سابق صدر کراچی چیمبر آف کامرس محمد ادریس، اسسٹنٹ کمشنر گارڈن منشاد شاہانی، ڈائریکٹر ساؤتھ طلال مگسی، ڈائریکٹر ڈیمولیشن راشد ناریجو اور ڈائریکٹر اسٹرکچر عرفان چانڈیو بھی موجود تھے۔

کمیٹی کے دیگر ارکان، بڈرز اور میڈیا نمائندگان نے بھی اس عمل میں شرکت کی۔

فرحان قیصر نے میڈیا کو بتایا کہ موصول ہونے والی 17 درخواستوں کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے گی۔ تکنیکی طور پر کامیاب کمپنیوں کا اعلان 24 نومبر کو ہوگا۔

فنانشل بڈز بھی 24 نومبر کو کھلیں گی

فرحان قیصر کے مطابق فنانشل بڈز بھی 24 نومبر کو کھولی جائیں گی۔ تکنیکی اور مالی جانچ کے بعد اہل قرار پانے والی کمپنی کو ٹھیکہ دینے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ٹھیکہ حاصل کرنے والی کمپنی ورک آرڈر ملنے کے سات روز کے اندر انہدامی کارروائی شروع کرنے کی پابند ہوگی۔

کمپنی کو 90 روز کے اندر پوری عمارت منہدم کرنا ہوگی۔ اس کے بعد ملبہ مکمل طور پر صاف کرکے زمین ہموار حالت میں حوالے کرنا ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!