زمان ٹاؤن پولیس کی تین کارروائیاں، ایک زخمی سمیت 6 مبینہ اسٹریٹ کرمنلز گرفتار

زمان ٹاؤن پولیس نے اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف تین مختلف کارروائیوں میں ایک زخمی سمیت 6 مبینہ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق کارروائیاں ایس ایچ او زمان ٹاؤن سید عدنان بخاری کی نگرانی میں کی گئیں۔

بھٹائی کالونی کے قریب پولیس مقابلہ

پولیس کے مطابق رات گئے شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے دو ملزمان کو بھٹائی کالونی کے قریب مقابلے کے بعد گرفتار کیا گیا۔

گرفتار ملزمان میں زخمی علی اصغر اور جنید شامل ہیں۔

پولیس نے ملزمان کے قبضے سے دو ٹی ٹی پستول، چھینے گئے موبائل فونز اور کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے کی حدود سے چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کی۔

کورنگی نمبر 6 میں دو ملزمان گرفتار

پولیس نے دوسری کارروائی کورنگی نمبر 6 میں منا گجیا والے کے قریب کی۔

موٹر سائیکل گشت پر مامور اہلکاروں نے شہریوں کو لوٹنے والے دو ملزمان کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان ابراہیم حیدری کی جانب سے واردات کے بعد فرار ہو رہے تھے۔

گرفتار ملزمان کی شناخت عدیل اور حسیب کے نام سے ہوئی۔

پولیس نے ان کے قبضے سے دو ٹی ٹی پستول، موبائل فونز، بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکل اور دیگر سامان برآمد کیا۔

مچھلی موڑ سے دو ملزمان گرفتار

زمان ٹاؤن پولیس نے تیسری کارروائی کورنگی نمبر 4 کے مچھلی موڑ کے قریب کی۔

پولیس کے مطابق صبح سویرے نقلی پستول سے واردات کرنے والے دو ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔

ملزمان مبینہ طور پر نوکری پر جانے والے شہریوں کو نشانہ بناتے تھے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت نوید اور شہباز کے نام سے ہوئی۔

پولیس نے ملزمان کے قبضے سے نقلی پستول، آئس اور موٹر سائیکل برآمد کی۔

6 ملزمان سے اسلحہ اور موٹر سائیکلیں برآمد

پولیس کے مطابق تینوں کارروائیوں میں ایک زخمی سمیت 6 ملزمان گرفتار ہوئے۔

ان کے قبضے سے مجموعی طور پر 4 ٹی ٹی پستول، ایک نقلی پستول، تین موٹر سائیکلیں، آئس، موبائل فونز اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔

ایس ایچ او زمان ٹاؤن سید عدنان بخاری نے گرفتار ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرلیے ہیں۔ پولیس نے ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تفتیشی حکام کے حوالے کردیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!