اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی) نے گل بہار میں پولیس مقابلے کے بعد ایک مبینہ کار لفٹر کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
اے وی ایل سی کے ترجمان کے مطابق کارروائی ایس ایس پی اے وی ایل سی خالد مصطفیٰ کورائی کی ہدایات پر کی گئی۔ ڈی آئی او لیاقت آباد کی ٹیم معمول کے گشت پر تھی۔
پولیس پارٹی تھانہ گل بہار کی حدود میں پہنچی تو مشکوک کار سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا۔ ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کی اور پولیس پر فائرنگ شروع کردی۔
پولیس نے جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوگیا، جبکہ اس کے دو ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے۔
گرفتار ملزم سے مسروقہ کار اور پستول برآمد
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت محمد اشفاق ولد مختیار حسین کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق وہ ملتان کا رہائشی معلوم ہوتا ہے۔
پولیس نے ملزم کے قبضے سے ایک مسروقہ کار اور پستول بمعہ زندہ کارتوس برآمد کیے۔
تحقیقات کے مطابق برآمد ہونے والی کار تھانہ شاہراہ فیصل کی حدود سے چوری ہوئی تھی۔
متعدد وارداتوں کا اعتراف
اے وی ایل سی کے ترجمان کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزم نے کار چوری کی متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔
ملزم کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔ اس کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔