خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 22 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے 22 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں 16 اور 17 نومبر کو کی گئیں۔

آئی ایس پی آر نے ہلاک ہونے والوں کو بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے ارکان قرار دیا ہے۔

جنوبی وزیرستان میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن

آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا گیا۔

سیکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 15 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

بنوں اور ٹانک میں مزید 7 دہشت گرد ہلاک

بنوں میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان دو الگ الگ جھڑپیں ہوئیں۔

فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو درستگی سے نشانہ بنایا۔ ان کارروائیوں میں مزید 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

ٹانک میں بھی سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان مقابلہ ہوا۔ اس دوران ایک دہشت گرد مارا گیا۔

تینوں اضلاع میں کارروائیوں کے نتیجے میں ہلاک دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 22 ہوگئی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔ یہ عناصر علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے تھے۔

کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری

آئی ایس پی آر کے مطابق متاثرہ علاقوں میں کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں۔ ان کارروائیوں کا مقصد مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے امکانات ختم کرنا ہے۔

سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

ترجمان کے مطابق قومی ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت دہشت گردی کے خلاف مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔

اس مہم کا مقصد غیر ملکی معاونت اور سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کا مکمل خاتمہ یقینی بنانا ہے۔

صدر، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا خراج تحسین

صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے 22 خوارجیوں کی ہلاکت پر فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عزم کو سراہا۔

تینوں رہنماؤں نے کہا کہ قوم کو سیکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!