پاکستان رینجرز سندھ اور ڈسٹرکٹ سٹی پولیس نے لیاری میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب ملزم سلمان عرف سلم عرف سلام کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق آپریشن افشانی گلی، کلاکوٹ لیاری میں کیا گیا۔ گرفتار ملزم کا تعلق بابا لاڈلا اور اسماعیل افشانی گروہ سے بتایا گیا ہے۔
رینجرز نے ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کیا۔ ملزم کا نام سی ٹی ڈی ریڈ بک میں بھی شامل ہے۔
سنگین جرائم میں مطلوب تھا
ترجمان کے مطابق سلمان عرف سلم عرف سلام ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور پولیس مقابلوں کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا۔
حکام کے مطابق ملزم 2011 میں لیاری گینگ وار کے بابا لاڈلا گروہ میں شامل ہوا تھا۔ ابتدا میں وہ منشیات فروشی اور پکٹ ڈیوٹی کرتا رہا۔
بعد ازاں ملزم اپنے ساتھیوں کے ساتھ مخالف گروہ پر گرینیڈ حملوں اور پولیس پر فائرنگ میں ملوث رہا۔ ان حملوں میں مخالف گروہ کے افراد اور متعدد راہگیر زخمی اور ہلاک ہوئے۔
ترجمان کے مطابق ملزم کے خلاف کراچی اور اندرون سندھ میں پولیس مقابلوں سمیت مختلف جرائم کے متعدد مقدمات درج ہیں۔
بلوچستان اور بیرون ملک فرار ہوگیا تھا
رینجرز کے مطابق کراچی آپریشن کے دوران گرفتاری سے بچنے کے لیے ملزم پہلے بلوچستان اور بعد ازاں بیرون ملک فرار ہوگیا تھا۔
وہ بیرون ملک سے فون کے ذریعے اپنے ساتھیوں سے رابطے میں رہا۔ ترجمان کے مطابق وہ کراچی میں بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ جیسے جرائم میں معاونت بھی کرتا رہا۔
حکام کے مطابق ملزم حال ہی میں کراچی واپس آیا تھا۔ وہ اپنے گروہ کو دوبارہ منظم کرنے کی کوشش کررہا تھا۔
ملزم پولیس کے حوالے
پاکستان رینجرز سندھ نے گرفتار ملزم کو اسلحے اور ایمونیشن سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا ہے۔
ترجمان رینجرز نے عوام سے جرائم پیشہ عناصر کے بارے میں فوری اطلاع دینے کی اپیل کی ہے۔ شہری قریبی رینجرز چیک پوسٹ، ہیلپ لائن 1101 یا مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کرسکتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق اطلاع دینے والے شہری کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔