بے نامی اکاؤنٹس کیس: سابق یلو لائن پروجیکٹ ڈائریکٹر ضمیر عباسی کے خلاف چالان جمع

سابق پراجیکٹ ڈائریکٹر یلو لائن ضمیر عباسی کے خلاف بے نامی اکاؤنٹس کیس میں ایف آئی اے نے عدالت میں چالان جمع کرادیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل نے چالان پیش کیا۔ اس میں ملزم ضمیر احمد عباسی کے مالی معاملات اور بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات شامل ہیں۔

ملزم اور اہلِ خانہ کے اکاؤنٹس میں ٹرانزیکشنز

چالان کے مطابق ضمیر عباسی مختلف سرکاری محکموں میں گریڈ 17 سے 19 کے عہدوں پر تعینات رہے۔ ایف آئی اے نے الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے سرکاری ملازمت کے دوران مبینہ غیر قانونی ذرائع سے بھاری رقوم جمع کیں۔

چالان میں کہا گیا ہے کہ ملزم نے بھاری رقوم حوالہ ہنڈی کے ذریعے بیرون ملک منتقل کیں۔ ان کے تین بینک اکاؤنٹس میں 11 کروڑ روپے سے زائد کی ڈیبٹ اور کریڈٹ ٹرانزیکشنز سامنے آئیں۔

ملزم کی اہلیہ خنساء ضمیر کے تین بینک اکاؤنٹس میں بھی 16 کروڑ روپے سے زائد کی ٹرانزیکشنز ریکارڈ ہوئیں۔

چالان کے مطابق ملزم کے والد محمد پناہ عباسی کے بینک اکاؤنٹس میں بھی اربوں روپے کے ٹرن اوور کی اطلاعات ہیں۔

جائیدادوں اور انشورنس پالیسیوں کی تفصیلات

ایف آئی اے کے چالان میں کہا گیا ہے کہ ملزمان کے نام پر ملک بھر میں متعدد جائیدادیں موجود ہیں۔ ضمیر عباسی نے اپنے اور اہلیہ کے نام پر سات انشورنس پالیسیاں بھی حاصل کیں۔

ان پالیسیوں کے پریمیم کی مد میں ساڑھے تین کروڑ روپے سے زائد ادا کیے گئے۔

24 بیرون ملک سفر کا ریکارڈ

چالان کے مطابق ضمیر عباسی نے مجموعی طور پر 24 مرتبہ بیرون ملک سفر کیا۔ وہ ان سفروں کے لیے مجاز ایکسچینج کمپنیوں سے غیر ملکی کرنسی خریدنے کا ریکارڈ پیش نہیں کرسکے۔

دوسری جانب ملزم کے مطابق ان کے اکاؤنٹس میں تنخواہ اور سرکاری مراعات کی رقم آتی تھی۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ زرعی زمین اور والد کے کاروبار سے آمدنی نقد وصول ہوتی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!