پاکستان رینجرز سندھ نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان کا تعلق ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث کونٹی گروہ سے ہے۔ کارروائی نیو کراچی اور سرجانی ٹاؤن میں کی گئی۔
گرفتار ملزمان میں حسنین عرف غفور، واصف، جبران، مدثر، کبیر بنگالی، عبدالماجد اور محمد اعجاز شامل ہیں۔
اسلحہ، موٹرسائیکلیں اور موبائل فون برآمد
ترجمان کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 3 بغیر لائسنس پستول اور ایمونیشن برآمد ہوا۔ کارروائی کے دوران 2 موٹرسائیکلیں، 14 موبائل فون اور نقدی بھی قبضے میں لی گئی۔
رینجرز کے مطابق ملزمان سرجانی ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں میں متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ان پر ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزامات ہیں۔
ملزمان مبینہ طور پر اسلحے کے زور پر شہریوں سے موٹرسائیکلیں، لیپ ٹاپ، موبائل فون اور نقدی چھینتے تھے۔
چھینے گئے موبائل فونز کے آئی ایم ای آئی تبدیل کرنے کا انکشاف
ترجمان کے مطابق حسنین اور کبیر عادی مجرم ہیں۔ ان کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں۔
ملزمان مبینہ طور پر چھینی گئی موٹرسائیکلوں کے پرزے کھول کر فروخت کرتے تھے۔
رینجرز کے مطابق ملزم محمد اعجاز 2024 سے نیو کراچی میں چھینے گئے موبائل فونز کے آئی ایم ای آئی نمبر تبدیل کر رہا تھا۔ وہ ان فونز کی خرید و فروخت کا کاروبار بھی کرتا تھا۔
مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے
ترجمان کے مطابق گروہ کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
گرفتار ملزمان کو اسلحے، ایمونیشن اور برآمد شدہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
رینجرز نے عوام سے جرائم پیشہ عناصر کی اطلاع دینے کی اپیل کی ہے۔ شہری قریبی رینجرز چیک پوسٹ یا ہیلپ لائن 1101 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
اطلاعات واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے بھی دی جاسکتی ہیں۔ ترجمان کے مطابق اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔