پاکستان آرمی نے چوتھی انٹر سروسز کامبیٹ شوٹنگ چیمپئن شپ اپنے نام کرلی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی۔
چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف بھی تقریب میں موجود تھے۔ فیلڈ مارشل اور نیول چیف نے مختلف کیٹیگریز میں کامیاب نشانہ بازوں اور رنرز اپ میں ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کیے۔
مقابلوں میں 1500 سے زائد نشانہ بازوں کی شرکت
آئی ایس پی آر کے مطابق شوٹنگ مقابلے 7 اکتوبر سے 11 نومبر تک جاری رہے۔ ان میں 1500 سے زائد نشانہ بازوں نے حصہ لیا۔
مقابلوں میں پاک فوج، پاک بحریہ، پاک فضائیہ اور سول آرمڈ فورسز کی ٹیموں نے شرکت کی۔ پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور فیڈرل رائفل ایسوسی ایشن کی ٹیمیں بھی مقابلوں میں شامل ہوئیں۔
آرمی مارکس مین شپ یونٹ نے بھی اعزاز حاصل کرلیا
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاکستان آرمی نے چوتھی انٹر سروسز کامبیٹ شوٹنگ چیمپئن شپ جیت لی۔
آرمی مارکس مین شپ یونٹ نے وزیراعظم اسکلز ایٹ آرمز بگ بور نیشنل چیلنج میچ بھی اپنے نام کیا۔
فوجی نشانہ بازی کا اعلیٰ ترین اعزاز ماسٹر ایٹ آرمز ٹرافی حوالدار فضل الرحمان کو دیا گیا۔ ان کا تعلق پنجاب رجمنٹ سے ہے۔
پنجاب رجمنٹ نے یونٹ فائرنگ پروفیشنسی اور انفنٹری اسکواڈ میچز میں بھی کامیابی حاصل کی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا نشانہ بازوں کی مہارت کو خراج تحسین
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نشانہ بازوں کی غیر معمولی مہارت اور درست نشانے بازی کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ نشانہ بازی میں مہارت ایک پیشہ ور فوجی کی نمایاں پہچان ہے۔ چھوٹے ہتھیاروں کے استعمال میں مہارت بنیادی فوجی تربیت کا لازمی حصہ رہنی چاہیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے مقابلوں میں شریک نشانہ بازوں سے ملاقات اور گفتگو بھی کی۔
ان کی آمد پر آئی جی ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن اور کمانڈر راولپنڈی کور نے استقبال کیا۔