وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چشمہ فائیو پاکستان کا سب سے بڑا اور ملک کا ساتواں جوہری بجلی گھر ہوگا۔ اس منصوبے کی تعمیر میں چین پاکستان کی مدد کر رہا ہے۔
چشمہ فائیو منصوبے سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کو صاف، قابل اعتماد اور سستی بجلی فراہم کرنے کی ضمانت ہے۔
انہوں نے کہا کہ توانائی کا تحفظ عوام اور معیشت کے لیے انتہائی اہم ہے۔ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ ماحول کے تحفظ کے ساتھ معاشی ترقی حکومت کی ترجیح ہے۔
امن اور استحکام ترقی کی بنیاد ہیں
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کی بنیاد امن، سلامتی اور استحکام ہے۔ مسلح افواج نے ملک میں امن قائم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
ان کے مطابق فیلڈ مارشل کی متحرک قیادت میں مسلح افواج نے معرکہ حق میں جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔
شہباز شریف نے معیشت کی بحالی اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی حمایت کو بھی قابل تحسین قرار دیا۔
پاکستان اور چین کی دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری
وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔
انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ اور حکومت چین کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چینی انجینئرز نے پاکستانی ماہرین کے شانہ بشانہ کام کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندر سے گہری اور فولاد سے زیادہ مضبوط ہے۔ سی پیک کا دوسرا مرحلہ دونوں ممالک کی شراکت داری کو مزید مضبوط کرے گا۔
چشمہ فائیو سے معاشی مواقع پیدا ہوں گے
وزیراعظم نے کہا کہ چشمہ فائیو منصوبہ معاشی مواقع پیدا کرنے اور روشن مستقبل کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے میانوالی کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس عظیم منصوبے کی فراخدلی سے میزبانی کی۔ چشمہ پاکستان اور میانوالی کے عوام کا فخر ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قائداعظم کے خوابوں کے مطابق معاشی طور پر مضبوط اور خودمختار پاکستان تعمیر کرنا ہے۔ پاکستان کو خوشحال، پرامن اور مضبوط ملک بنانا مشترکہ عزم ہے۔
