پاکستان رینجرز سندھ نے کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں مبینہ طور پر ملوث خیرو گروہ کے 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق کارروائی خفیہ معلومات کی بنیاد پر خیر آباد اور الطاف نگر میں کی گئی۔
گرفتار ملزمان میں گروہ کا مبینہ سرغنہ شاہ میر ولد زری خان، محمد اسامہ، نعمت خان، مصطفیٰ، گل زمان اور ابوبکر عرف پایو شامل ہیں۔
رینجرز نے ملزمان کے قبضے سے بغیر لائسنس کے 4 پستول، ایمونیشن، 3 موبائل فون اور نقدی برآمد کی۔
15 سے زائد وارداتوں کا انکشاف
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان اورنگی ٹاؤن کے ملحقہ علاقوں میں ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم، غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور شہریوں سے موبائل فون و نقدی چھیننے کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔
رینجرز کا کہنا ہے کہ ملزمان نے اسلحے کے زور پر 15 سے زائد وارداتوں میں شہریوں سے نقدی اور موبائل فون چھیننے کا انکشاف کیا ہے۔
ملزمان مبینہ طور پر وارداتوں کے دوران خوف و ہراس پھیلانے کے لیے ہوائی فائرنگ بھی کرتے تھے۔
موبائل فون سستے داموں فروخت کرنے کا انکشاف
رینجرز کے مطابق گرفتار ملزم شاہ میر پر ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کے علاوہ غیر قانونی ہائیڈرینٹ کے ذریعے پانی فروخت کرنے میں ملوث ہونے کا بھی الزام ہے۔
گروہ کے ارکان مبینہ طور پر چھینے گئے موبائل فون سستے داموں فروخت کرتے تھے۔ اس سے حاصل ہونے والی رقم آپس میں تقسیم کرلیتے تھے۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کو اسلحے، ایمونیشن اور برآمد شدہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
شہریوں سے جرائم کی اطلاع دینے کی اپیل
پاکستان رینجرز سندھ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جرائم میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری اطلاع دیں۔
شہری قریبی رینجرز چیک پوسٹ، ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کرسکتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق اطلاع دینے والے شہری کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔