کمشنر کراچی اور ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کے احکامات پر کھوڑی گارڈن اور جوڑیا بازار میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران چار افراد کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ تین ٹرک سامان بھی ضبط کیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ اسامہ بن اشرف کی نگرانی میں ہونے والے آپریشن میں مقامی پولیس اور ٹاؤن انتظامیہ نے بھی حصہ لیا۔
آپریشن کے دوران غیر قانونی کاؤنٹرز، اسٹالز اور کیبنز موقع پر ہی مسمار کردیے گئے۔ حکام نے تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سامان بھی تحویل میں لے لیا۔
تجاوزات کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی
اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ اسامہ بن اشرف کے مطابق جوڑیا بازار اور کھوڑی گارڈن شہر کی اہم مارکیٹوں میں شامل ہیں۔ ان علاقوں کو تجاوزات سے پاک کرنا انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تجاوزات شہریوں کے لیے مشکلات کا باعث بن چکی تھیں۔ آرام باغ کی اہم سڑکوں، فٹ پاتھوں اور سروس روڈز پر غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات قائم کی گئی تھیں، جن کا خاتمہ ضروری تھا۔
اسامہ بن اشرف نے کہا کہ پورے آرام باغ میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے آپریشن جاری رہے گا۔ عوامی گزرگاہوں کی بحالی اور تجاوزات کا خاتمہ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔


