سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، قلعہ سیف اللہ میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے آپریشن کے دوران فتنۃ الخوارج کا کمانڈر عادل شاہ عرف درویش ہلاک ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق، عادل شاہ دسمبر 2020 سے اس گروہ سے وابستہ تھا۔ وہ 2024 سے گروہ کے مالی معاملات کی نگرانی بھی کر رہا تھا۔
دہشت گرد سرگرمیوں میں مبینہ کردار
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ عادل شاہ غیر مقامی دہشت گردوں کو ژوب، شیرانی اور شعبان میں مستقل رہائش فراہم کرنے میں مدد دیتا تھا۔
ذرائع نے دعویٰ کیا کہ وہ 2022 اور 2023 کے دوران سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور اغوا برائے تاوان کے لیے بھتہ خوری میں بھی ملوث رہا۔
کمانڈر کے خلاف 19 مقدمات درج تھے
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، عادل شاہ کے خلاف انسدادِ دہشت گردی کی عدالتوں میں 19 ایف آئی آرز درج تھیں۔ اس کے سر کی قیمت 25 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔
سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔