راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران مساجد میں چھپایا گیا بارودی مواد، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 8 نومبر 2026 کو میر علی کے جنوبی اطراف میں واقع گاؤں موزک میں کارروائی کی۔ اس دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے دو ٹھکانے کلیئر کردیے گئے۔
مساجد میں بارودی مواد اور تشدد کے مراکز
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے دونوں ٹھکانے مساجد کے اندر قائم کیے تھے۔ ان مقامات سے بڑی تعداد میں تیار شدہ دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات (آئی ای ڈیز)، دھماکا خیز مواد بنانے کا سامان، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گرد بارودی مواد ذخیرہ کرنے کے لیے جان بوجھ کر مساجد استعمال کر رہے تھے۔ ان مقامات پر تشدد کے مراکز بھی قائم تھے، جہاں لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا تھا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کی جانب سے عبادت گاہوں کی بے حرمتی اسلام کی بنیادی تعلیمات سے لاتعلقی کا ثبوت ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ افغان طالبان کی مدد سے سرگرم یہ عناصر اسلام سے کوئی تعلق نہیں رکھتے۔ مذہب کی گمراہ کن تشریح اور اسے ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کو خیبر پختونخوا اور پاکستان کے عوام مسترد کرتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید ٹھکانوں کا سراغ لگانے اور انہیں ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
انسداد دہشت گردی مہم جاری رکھنے کا عزم
ترجمان پاک فوج نے واضح کیا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت وژن عزمِ استحکام پر عمل جاری رہے گا۔
بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسداد دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔ اس کا مقصد بیرونی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور گورنر کے پی کا خراج تحسین
وزیراعظم شہباز شریف نے میر علی کے نواحی گاؤں موزک میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا مساجد کو بارودی مواد ذخیرہ کرنے اور تشدد کے مراکز کے طور پر استعمال کرنا اسلام اور مقدس مقامات کی صریح بے حرمتی ہے۔
وزیراعظم کے مطابق بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کا مساجد کو دہشت گردی کے لیے استعمال کرنا اسلام کی بنیادی تعلیمات سے انحراف کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔
دوسری جانب گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی مساجد کو دہشت گردی کے لیے استعمال کرنے کی مذمت کی۔
ٹک ٹاکر مسٹر پتلو اور بھائی گرفتار، فراز گراؤنڈ سانحے کے متاثرہ خاندان کو دھمکانے کا الزام
انہوں نے کہا کہ آپریشن کی ویڈیوز دیکھ کر شدید دکھ ہوا۔ مساجد امن اور اسلام کا درس دیتی ہیں، اس لیے وہاں دہشت گردی اور اسلحہ ذخیرہ کرنے کی سرگرمیاں انتہائی افسوسناک ہیں۔
فیصل کریم کنڈی کے مطابق ضم شدہ اضلاع میں ماضی میں بھی مساجد کے غلط استعمال کی شکایات سامنے آتی رہی ہیں، جنہیں معاشرہ کسی صورت قبول نہیں کرتا۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں امن کے قیام کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز تیز کیے جائیں گے۔ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔