تشکُّر نیوز رپورٹنگ،
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سے کوئی دشمنی نہیں ہے، ہماری تین نکاتی آئینی ترمیم پر پیپلز پارٹی تیار ہو جائے تو ان کے ساتھ بھی تعاون پر تیار ہیں۔
گورنر ہاؤس میں اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت سازی سے متعلق مذاکرات اب تک شروع نہیں ہوئے، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے فیصلوں کا مکمل اختیار پارٹی کی مذاکراتی کمیٹی کو دے دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنی تین نکاتی آئینی ترامیم کی منظوری پر بات کریں گے، ایسی وزارتیں لیں گے جن سے سندھ کے شہری علاقوں اور پاکستان کی خدمت کر سکیں اگر کسی جماعت کو ان ترامیم سے اختلاف ہے تو بات کرے۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ قومی اور صوبائی حکومتوں کو آئین نے تحفظ دیا ہے، ایسا آئینی تحفظ بلدیاتی حکومتوں کو بھی ملنا چاہیے، بلدیاتی ادارے انتظامی اور مالی طور پر خودمختار ہونے چاہییں۔