کراچی پولیس ویلفیئر برانچ نے گزشتہ تین ماہ کے دوران پولیس افسران، اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے نمایاں خدمات انجام دیں۔ کراچی پولیس کے مطابق مئی سے جولائی 2026 کے دوران 5,450 مریضوں کو مختلف سرکاری اور نجی اسپتالوں میں بروقت رہنمائی اور طبی معاونت فراہم کی گئی۔
جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق انچارج ویلفیئر برانچ کراچی پولیس آفس انسپکٹر شرافت خان کی تعیناتی کے بعد ویلفیئر برانچ اور مختلف اسپتالوں میں تعینات پولیس فوکل پرسنز نے طبی سہولیات کی فراہمی کو مزید مؤثر بنایا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کی خصوصی ہدایات کے تحت پولیس افسران، جوانوں اور ان کے اہل خانہ کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مربوط اقدامات کیے گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق اس عرصے میں 681 مریضوں کو اسپتالوں میں داخل کرایا گیا، جن میں سے 651 صحت یاب ہونے کے بعد ڈسچارج ہو چکے ہیں، جبکہ 30 مریضوں کا علاج اب بھی جاری ہے۔
کراچی پولیس کے مطابق انسپکٹر شرافت خان کی نگرانی، مسلسل فالو اپ اور مختلف اسپتالوں میں تعینات فوکل پرسنز کی مسلسل کاوشوں کے باعث مریضوں کو بروقت داخلہ، علاج، رہنمائی اور دیگر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی گئی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ ویلفیئر برانچ کی یہ کارکردگی پولیس اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے لیے ادارے کے عملی عزم کی عکاسی کرتی ہے۔