سیکیورٹی کے مؤثر انتظام کو کراچی کی صنعتی اور معاشی ترقی کے لیے بنیادی ضرورت قرار دیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے کہا ہے کہ محفوظ کاروباری ماحول کے بغیر سرمایہ کاری اور صنعتی سرگرمیوں کا فروغ ممکن نہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پولیس اور صنعتکاروں کے درمیان مضبوط تعاون ہی پائیدار امن و امان کی ضمانت بن سکتا ہے۔
آئی جی سندھ: مسیحی برادری کے وفد سے ملاقات، اقلیتوں کے تحفظ اور مذہبی ہم آہنگی پر زور
ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کا خصوصی دورہ کیا، جہاں صنعتکاروں نے ان کا اور سینئر پولیس افسران کا پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقات کے دوران شہر کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، صنعتی علاقوں کو درپیش مسائل اور کاروباری سرگرمیوں کے تحفظ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آزاد خان نے صنعتکاروں کے مسائل اور تجاویز غور سے سنیں اور متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ صنعتی علاقوں میں سیکیورٹی مزید مؤثر بنائی جائے، تجاوزات کے خاتمے کے لیے فوری کارروائی کی جائے اور ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی پولیس جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے جرائم کے خلاف کارروائیاں تیز کر چکی ہے، جس کے باعث اسٹریٹ کرائم میں نمایاں کمی آئی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ دہشت گردی، بھتہ خوری اور دیگر سنگین جرائم کے خلاف کریک ڈاؤن مزید مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے گا۔
تقریب کے اختتام پر سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کی جانب سے ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان اور دیگر سینئر پولیس افسران کو شیلڈز پیش کی گئیں۔ اس موقع پر پولیس چیف نے صنعتکاروں کے تعاون کو سراہا اور باہمی روابط مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
