...

پاکستان ملائیشیا: اسپیکر سندھ اسمبلی سے ملائیشیا کے قونصل جنرل کی الوداعی ملاقات، دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق

پاکستان ملائیشیا تعلقات کے فروغ کے تناظر میں اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ سے کراچی میں تعینات ملائیشیا کے قونصل جنرل ہرمین ہردیناتا احمد نے الوداعی ملاقات کی۔ قونصل جنرل نے پاکستان میں اپنی تین سالہ سفارتی ذمہ داریاں مکمل ہونے پر اسپیکر سندھ اسمبلی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

ملاقات میں سیکریٹری سندھ اسمبلی جی ایم عمر فاروق اور ڈائریکٹر جنرل میڈیا عرفان احمد میمن بھی موجود تھے۔

قونصل جنرل ہرمین ہردیناتا احمد نے اسپیکر سندھ اسمبلی کو بتایا کہ کراچی میں اپنی سفارتی ذمہ داریاں مکمل کرنے کے بعد وہ آئندہ تین برس کے لیے ملائیشیا کے وفاقی دارالحکومت پتراجایا میں نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ملائیشیا کے دوطرفہ تعلقات، سفارتی تعاون، اقتصادی ترقی، تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی امن، عوامی روابط اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔

اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے ملائیشیا کے اپنے مختلف دوروں کا ذکر کرتے ہوئے وہاں کی ترقی اور مختلف شہروں کے بارے میں اپنے مثبت تاثرات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر قونصل جنرل نے پتراجایا کی ترقی، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل، شہری منصوبہ بندی اور جدید انفراسٹرکچر کے حوالے سے بریفنگ دی۔

ملاقات میں شہری ترقی، بنیادی ڈھانچے، عوامی خدمات، پانی کی فراہمی اور دیگر شہری سہولیات کے نظام پر بھی گفتگو ہوئی۔ قونصل جنرل نے کہا کہ سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول اور مسابقتی پیداواری لاگت کی بدولت ملائیشیا عالمی مینوفیکچرنگ کمپنیوں کے لیے ایک اہم مرکز بن چکا ہے، جبکہ انہوں نے جاری بڑے ڈیٹا سینٹر سرمایہ کاری منصوبے سے بھی آگاہ کیا۔

قونصل جنرل ہرمین ہردیناتا احمد نے علاقائی اور عالمی امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان نے مصالحت اور تناؤ میں کمی کے لیے مثبت کردار ادا کیا۔ اس موقع پر اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن کا داعی رہا ہے اور اس کی سیاسی و عسکری قیادت نے اپنے اقدامات سے امن کے فروغ کے عزم کا عملی ثبوت دیا ہے۔

دونوں شخصیات نے اس بات پر اتفاق کیا کہ جنگ اور عدم استحکام عالمی امن اور اقتصادی ترقی کے مفاد میں نہیں، جبکہ آبنائے ہرمز کو عالمی تجارت اور معیشت کے لیے ہر صورت کھلا رہنا چاہیے۔

ملاقات کے اختتام پر قونصل جنرل نے اسپیکر سندھ اسمبلی کو ملائیشیا کی روایتی ثقافتی علامت "تنجک” (Tanjak) بطور یادگار پیش کی، جبکہ اسپیکر سندھ اسمبلی نے انہیں سندھ اسمبلی کی یادگاری شیلڈ، سندھی ٹوپی، اجرک اور سندھ و سندھ اسمبلی کی تاریخ پر مبنی کتب کا تحفہ پیش کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!
Seraphinite AcceleratorOptimized by Seraphinite Accelerator
Turns on site high speed to be attractive for people and search engines.