خواجہ آصف کا پی ٹی آئی کو مشورہ، احتجاج کریں مگر اداروں کو بے توقیر نہ کریں
اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مشورہ دیا ہے کہ اپنی سیاسی قیادت کی رہائی کے لیے احتجاج کرنا ان کا حق ہے، تاہم ریاستی اداروں کو تنقید اور سیاسی تنازع کا مرکز نہیں بنانا چاہیے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ماضی میں مختلف سیاسی رہنماؤں نے قانونی اور سیاسی چیلنجز کا سامنا کیا، لیکن نظام کو نقصان پہنچانے کی کوشش نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری، نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز سمیت دیگر سیاسی رہنما بھی مختلف ادوار میں مشکلات اور مقدمات کا سامنا کرتے رہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ گزشتہ سوا دو سال کے دوران پی ٹی آئی کی سیاسی سرگرمیوں کا محور صرف ایک شخصیت کی رہائی بن کر رہ گیا ہے جبکہ پارلیمانی کارروائی میں مؤثر شرکت بھی نظر نہیں آتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی ایک سیاسی مقصد کے لیے اداروں کو نشانہ بنانا مناسب رویہ نہیں اور سیاسی اختلافات کو آئینی اور جمہوری طریقے سے حل کیا جانا چاہیے۔
آزاد کشمیر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان آزاد کشمیر کے تحفظ اور استحکام کے لیے مسلسل کردار ادا کر رہا ہے۔ ان کے مطابق مسئلہ کشمیر سے پورے ملک کے عوام وابستہ ہیں اور اس کے لیے بڑی قربانیاں دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی معاملے پر اختلاف ہے تو اسے عوام کے سامنے انتخابی عمل کے ذریعے رکھا جائے تاکہ عوام فیصلہ کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون کو ہاتھ میں لینے کی صورت میں ریاست اپنی ذمہ داریوں سے دستبردار نہیں ہو سکتی۔