کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کے دوران طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی کو مفلوج کر دیا ہے، جبکہ بجلی کی مسلسل بندش اور آنکھ مچولی نے عوام کو شدید اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے۔
امریکا اور چین حریف نہیں شراکت دار ہیں، تعلقات کو نئی سمت دینے پر اتفاق: شی جن پنگ
کراچی کے کیماڑی، کھارادر، لیاری، اورنگی ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن، سعید آباد، گلشن اقبال سمیت درجنوں علاقوں میں کئی کئی گھنٹے بجلی کی بندش معمول بن چکی ہے، جبکہ لیاقت آباد سی ون ایریا، ناظم آباد، گلبہار، رضویہ اور پاک کالونی کے مکین بھی شدید گرمی میں بجلی کی عدم فراہمی سے پریشان ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ہزاروں روپے کے بھاری بجلی بل ادا کرنے کے باوجود بجلی کی فراہمی انتہائی محدود ہے، اور بعض اوقات صورتحال “ہلالِ عید کی طرح مختصر” ہو جاتی ہے۔
مستثنیٰ قرار دیے گئے علاقوں میں بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے کاروباری سرگرمیوں کو بری طرح متاثر کر دیا ہے، جبکہ گھریلو صارفین پانی کی قلت کے اضافی بحران کا بھی سامنا کر رہے ہیں۔
شہریوں کے مطابق شدید گرمی اور حبس میں طویل لوڈشیڈنگ نے روزمرہ زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے، اور بجلی کی بندش کے ساتھ پانی کی عدم دستیابی صورتحال کو مزید سنگین بنا دیتی ہے۔
دوسری جانب کے الیکٹرک کا مؤقف ہے کہ بعض علاقوں میں تکنیکی مسائل اور لائن لاسز کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے۔
تاہم شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فوری نوٹس لیا جائے اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔
