کراچی: وزیر تعلیم و خواندگی سندھ Syed Sardar Ali Shah نے “انفارمیشن اینڈ لرننگ ٹو ماسز (ILM) اسٹوڈیو” کا باضابطہ افتتاح کر دیا، جسے محکمہ اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی کا ایک جدید ڈیجیٹل تعلیمی پلیٹ فارم قرار دیا جا رہا ہے۔
کراچی میں شدید گرمی کے دوران گھنٹوں طویل لوڈشیڈنگ، شہریوں کی زندگی اجیرن
افتتاحی تقریب میں سیکریٹری اسکول ایجوکیشن زاہد علی عباسی، محکمہ کے سینئر افسران، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور ترقیاتی شراکت داروں نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے کہا کہ “علم اسٹوڈیو” کا قیام سندھ کے تعلیمی شعبے میں ایک انقلابی اور جدید اقدام ہے، جس کا مقصد تعلیم کو روایتی کلاس رومز سے نکال کر ڈیجیٹل دنیا سے جوڑنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے پوڈکاسٹس، تعلیمی پروگرامز، انٹرویوز اور ماہرینِ تعلیم کے تجربات عوام تک پہنچائے جائیں گے تاکہ جدید علم اور تحقیق کو فروغ دیا جا سکے۔
وزیر تعلیم کے مطابق اساتذہ، طلبہ اور تعلیمی ماہرین کے درمیان مؤثر علمی مکالمہ وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ ڈیجیٹل دور کے تقاضوں کے مطابق تعلیمی نظام کو اپ گریڈ کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ علم اسٹوڈیو کے ذریعے تحقیق، جدید تدریسی رجحانات اور کامیاب تعلیمی ماڈلز کو ایک پلیٹ فارم پر لایا جائے گا، جس سے سیکھنے کے عمل کو مزید مؤثر اور بامقصد بنایا جا سکے گا۔
سید سردار علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت تعلیمی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے اسے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے جوڑ رہی ہے تاکہ نوجوان نسل میں تخلیقی سوچ اور تحقیق کے رجحانات کو فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ اساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی اور جدید تدریسی مہارتوں کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

