کراچی کے نادرن بائی پاس پر قائم ’عوام دوست منڈی‘ میں قربانی کے جانوروں کی تعداد ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے، جہاں سوا لاکھ سے زائد مویشی مختلف بلاکس میں موجود ہیں۔ منڈی میں وی وی آئی پی، وی آئی پی، گولڈن، سفائر، سندھ، پنجاب، کشمیر، پہاڑی اور سبی بلاکس میں جانوروں کی بڑی تعداد خریداروں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
منتظمین کے مطابق منڈی میں قربانی کے جانوروں کی آمد کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے اور 5 اپریل سے اب تک سوا لاکھ سے زائد جانور مختلف بیوپاریوں کی جانب سے لائے جا چکے ہیں۔ اسی دوران مختلف خریداروں کی دلچسپی بھی بڑھ رہی ہے، جس میں حسین آباد سے تعلق رکھنے والی ایک فیملی کی جانب سے 4 لاکھ روپے میں جانور کی خریداری کو بیوپاریوں کے لیے حوصلہ افزا قرار دیا جا رہا ہے۔
میڈیا سیل میں ’معرکہ حق‘ کے عنوان سے ایک خصوصی اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں شوبز شخصیات کی آمد نے منڈی کی رونقوں میں مزید اضافہ کیا۔ اس موقع پر اسٹیج کامیڈینز نے اپنی پرفارمنس سے محفل کو خوبصورت رنگ دیا اور ماحول کو خوشگوار بنا دیا۔
رات گئے معروف مذہبی اسکالر اور دعوتِ اسلامی سے وابستہ ثوبان عطاری نے بھی منڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وی وی آئی پی بلاک، میڈیا سیل اور فوڈ اسٹریٹ کا معائنہ کیا۔ انہوں نے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام دوست منڈی کا مثبت تشخص میڈیا کی محنت کا نتیجہ ہے اور ’معرکہ حق‘ کی کامیابی پاکستان کے لیے ایک اہم اعزاز ہے۔
ایڈمنسٹریٹر طارق تنولی کے مطابق منڈی میں خریداروں اور بیوپاریوں کے لیے بہترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں جن میں فوڈ اسٹریٹ، سیلولر نیٹ ورک اور دیگر انتظامات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منڈی میں قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت بھرپور انداز میں جاری ہے اور یہ سلسلہ عید الاضحیٰ تک جاری رہے گا۔
ترجمان میڈیا سیل ام آئمن اور انچارج ذکی ابڑو نے بھی ’معرکہ حق‘ کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر خصوصی تقریب کو کامیاب قرار دیا اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
