ڈسٹرکٹ سینٹرل ویسٹ زون کراچی میں تھانہ عزیزآباد پولیس نے ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے چھالیہ اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔ ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کے احکامات پر کی گئی اس کارروائی میں ایک مشکوک KIA شیہزور ٹرک کو روکا گیا، جس کے خفیہ خانوں سے بڑی مقدار میں نان کسٹم چھالیہ برآمد ہوئی۔
پولیس کے مطابق ٹرک نمبر KG-9311 کو معمول کی چیکنگ کے دوران روکا گیا، جس میں مرغیوں کی لوڈنگ کی آڑ میں چھالیہ اسمگل کی جا رہی تھی۔ تلاشی کے دوران ٹرک کے فرش میں بنائے گئے خفیہ خانوں سے 15 بوریاں نان کسٹم چھالیہ برآمد ہوئیں۔
کارروائی کے دوران دو ملزمان محمد رامیز ولد محمد مقصود اور احسان علی ولد سردار علی کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔
ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مذکورہ چھالیہ کراچی سے ٹھٹھہ اسمگل کی جا رہی تھی اور اسے انتہائی مہارت سے ٹرک کے خفیہ حصوں میں چھپایا گیا تھا تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گرفت سے بچا جا سکے۔
برآمد شدہ چھالیہ اور ٹرک کو قانونی کارروائی کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس اسمگلنگ نیٹ ورک میں شامل دیگر عناصر کو بھی گرفتار کیا جا سکے۔
ترجمان کے مطابق ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کی جانب سے اسمگلنگ اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور ایسے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
