ہیڈکوارٹرز پاکستان رینجرز (سندھ) کے مطابق خفیہ معلومات کی بنیاد پر کراچی کے علاقے مجاہد کالونی، ناظم آباد میں ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم اور موٹرسائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان میں ذیشان عرف ملوترا، محمد عبید عرف دادو، محمد جاشم، نوید الرحمان عرف پٹھان اور احمد عرف ایمو شامل ہیں۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے ایک موٹرسائیکل، تین موبائل فونز اور نقدی بھی برآمد کی گئی ہے۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ گروہ کراچی کے مختلف علاقوں بشمول مجاہد کالونی، واحد کالونی، ناظم آباد اور ملحقہ علاقوں میں منظم انداز میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث تھا۔ گروہ کے ارکان نہ صرف شہریوں سے موبائل فون چھیننے بلکہ موٹرسائیکل، بیٹریاں، بجلی کی تاریں چوری کرنے اور منشیات فروشی جیسے جرائم میں بھی سرگرم رہے ہیں۔
مزید یہ کہ گرفتار ملزمان جاشم، نوید عرف پٹھان اور احمد عرف ایمو چوری شدہ موٹرسائیکلوں اور ان کے پرزہ جات کی خرید و فروخت کے غیر قانونی کاروبار میں بھی ملوث پائے گئے ہیں۔ یہ افراد شادی ہالوں اور شاپنگ مالز کے باہر ریڑھی فروشوں کا بھیس بدل کر کھڑے ہوتے تھے اور موقع ملتے ہی پارکنگ میں موجود غیر محفوظ موٹرسائیکلوں کو چوری کر لیتے تھے۔
ترجمان کے مطابق گروہ کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں متعدد ایف آئی آرز درج ہیں، جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔
گرفتار ملزمان کو برآمد شدہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
پاکستان رینجرز (سندھ) نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم کے خاتمے کے لیے ایسے عناصر کے بارے میں فوری اطلاع قریبی رینجرز چیک پوسٹ، ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر دی جائے۔ اطلاع دینے والے افراد کی شناخت مکمل طور پر صیغہ راز میں رکھی جائے گی۔
