اسلام آباد: امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر نے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان اور امریکا کے دوطرفہ تعلقات، خطے کی موجودہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے سفارتی رابطوں اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ اسحاق ڈار نے اس موقع پر امریکا اور ایران کے درمیان رابطوں میں پاکستان کے کردار پر تفصیلی بریفنگ دی اور کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ہمیشہ سے علاقائی امن و استحکام کے لیے تعمیری کردار ادا کرتا آیا ہے اور آئندہ بھی اس سلسلے میں اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
اسحاق ڈار نے امریکا کی جانب سے پاکستانی اور ایرانی سی فاررز کی واپسی میں معاونت کو سراہتے ہوئے اسے قابلِ ستائش اقدام قرار دیا۔ انہوں نے سنگاپور کے ذریعے سی فاررز کی واپسی کے عمل میں سہولت کاری پر بھی امریکا کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں دونوں فریقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک امریکا تعلقات کو مزید مضبوط، مستحکم اور باہمی اعتماد پر مبنی بنایا جائے گا۔ خطے کی موجودہ صورتحال اور امن کے امکانات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
