کراچی: سہراب گوٹھ کے علاقے شفیق موڑ کے قریب واقع استعمال شدہ آئل کی فیکٹری میں اچانک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
نیو کراچی میں ایس آئی یو کی بڑی کارروائی، آن لائن منشیات فروشی میں ملوث دو ملزمان گرفتار
ترجمان ریسکیو 1122 (سندھ) کے مطابق سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول کو آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوتے ہی فوری طور پر فائر اینڈ ریسکیو ٹیمیں روانہ کر دی گئیں۔ ٹیموں کے ساتھ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں اور ایمبولینسز بھی جائے وقوعہ پر پہنچا دی گئی ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ ریسکیو 1122 کے اہلکار آگ پر قابو پانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں، جبکہ فیکٹری کے اندر اور اطراف میں کولنگ آپریشن بھی جاری ہے تاکہ آگ کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ کی شدت زیادہ ہونے کے باعث آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے، تاہم تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ مزید تفصیلات اور نقصان کا اندازہ آگ پر مکمل قابو پانے کے بعد جاری کیا جائے گا۔
