کراچی: اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (SIU) کراچی نے فیڈرل سول انٹیلی جنس ایجنسی کی خفیہ اطلاع اور باہمی تعاون سے نیو کراچی کے علاقے میں ایک کامیاب اور ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے آن لائن منشیات فروشی کے ایک منظم نیٹ ورک کے دو اہم کارندوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
آئی جی سندھ سے الائیڈ بینک کے وفد کی ملاقات، امن و امان اور معاشی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت نعیم ولد منظور اور محمد کاشف ولد محمد سلیم کے نام سے ہوئی ہے۔ یہ دونوں ملزمان عرصہ دراز سے آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے منشیات کی خرید و فروخت میں سرگرم تھے اور مختلف گاہکوں کو خفیہ طریقے سے آئس جیسی خطرناک منشیات فراہم کر رہے تھے۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 225 گرام آئس برآمد کی گئی، جو مبینہ طور پر فروخت کے لیے تیار کی گئی تھی۔ حکام کے مطابق یہ نیٹ ورک جدید ٹیکنالوجی اور آن لائن ذرائع استعمال کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں منشیات کی ترسیل کر رہا تھا۔
پولیس نے دونوں ملزمان کو موقع پر گرفتار کر کے ان کے خلاف تھانہ ایس آئی یو میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں اور اس نیٹ ورک سے منسلک دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں بھی کی جا رہی ہیں۔
ایس ایس پی ایس آئی یو/ سی آئی اے کراچی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو نے کارروائی کو اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں منشیات کے نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
