کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے زیرِ اہتمام معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر کراچی پریس کلب کے باہر ایک بڑا اور پرجوش مظاہرہ کیا گیا، جس میں کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور قومی اتحاد و افواجِ پاکستان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
معرکۂ حق کی سالگرہ: دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، اسے جان کے لالے پڑ گئے، وزیراعظم شہباز شریف
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے جس کی حفاظت کے لیے پاکستان نے گزشتہ ایک سال میں ناقابلِ فراموش تاریخ رقم کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن نے پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی، تاہم ریاستِ پاکستان نے اس کا فیصلہ اپنی حکمتِ عملی کے تحت کیا۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ نے جرات، حکمت اور پیشہ ورانہ مہارت کی ایسی مثال قائم کی جس نے نہ صرف ملک کا دفاع یقینی بنایا بلکہ پورے خطے کو ایک بڑی تباہی سے بھی بچایا۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آج پاکستان کا دفاع پہلے سے زیادہ مضبوط، مستحکم اور ناقابلِ تسخیر ہے، اور آزادی کسی رعایت کا نام نہیں بلکہ ایک اٹل حقیقت ہے۔
اس موقع پر سینئر رہنما سید مصطفیٰ کمال نے اپنے خطاب میں بھارت کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ دہلی میں یہ غلط فہمی پائی جاتی تھی کہ پاکستان اندرونی مشکلات کی وجہ سے کمزور ہو چکا ہے، تاہم معرکۂ حق کے دوران پیش آنے والے واقعات نے ثابت کر دیا کہ پاکستان ایک زندہ اور باوقار قوم ہے جو ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی عوام اور افواج ہر محاذ پر متحد ہیں اور دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔
