کراچی میں “معرکۂ حق” کی پہلی سالگرہ پر کرکٹ ٹورنامنٹ، پاک افواج کو شاندار خراجِ تحسین

کراچی کے ضلع وسطی میں “معرکۂ حق” کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے خصوصی کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں کھیل کے ساتھ ساتھ قومی یکجہتی اور حب الوطنی کا بھرپور مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔

کراچی میں لاکھوں روپے مالیت کا بھارتی گٹکا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام، خصوصی طور پر تیار سوزوکی پکڑی گئی

یہ میچ نارتھ ناظم آباد کے جیفکو گراؤنڈ میں کھیلا گیا جہاں ڈی سی الیون اور نارتھ ناظم آباد الیون آمنے سامنے آئیں۔ دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل پیش کیا جبکہ شائقین کی بڑی تعداد نے گراؤنڈ میں موجود رہ کر کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا۔

تقریب میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اس موقع پر پاک افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ شرکاء نے افواجِ پاکستان کی قربانیوں اور ملکی دفاع میں کردار کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہ سلیم نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک افواج نے وطنِ عزیز کے دفاع، امن اور استحکام کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ معرکۂ حق میں دشمن کے عزائم کو ناکام بنا کر پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیت دنیا پر واضح کی۔

انہوں نے کہا کہ قوم اپنے محافظوں کے ساتھ کھڑی ہے اور پاکستان کی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتی رہے گی۔

ٹاؤن چیئرمین نارتھ ناظم آباد عاطف علی خان نے کہا کہ “پاکستان ہے تو ہم ہیں” اور پوری قوم افواجِ پاکستان کو سلام پیش کرتی ہے، جنہوں نے ہر مشکل وقت میں ملک کا دفاع کیا۔

تقریب میں ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ وقار احمد، اسسٹنٹ کمشنر فرید حنیف، ٹی ایم سی نمائندگان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

اختتام پر کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے جبکہ ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ مقررین نے اس تقریب کو قومی یکجہتی، حب الوطنی اور افواجِ پاکستان سے عوامی محبت کی خوبصورت مثال قرار دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!