کراچی میں ضلع کیماڑی پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کا مضرِ صحت بھارتی گٹکا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ تھانہ موچکو پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ایسی سوزوکی گاڑی پکڑ لی جسے اسمگلنگ کے لیے خصوصی طور پر تیار کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران گاڑی میں بنائے گئے خفیہ خانوں سے 230 پیکٹ بھارتی گٹکا برآمد کیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ مضرِ صحت گٹکا حب، بلوچستان سے کراچی منتقل کیا جا رہا تھا تاکہ شہر کے مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جا سکے۔
پولیس نے کارروائی کے دوران علی رضا ولد عمر دراز نامی ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ملزم کے قبضے سے برآمد ہونے والے گٹکے کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جا رہی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اسمگلنگ کے اس نیٹ ورک کے دیگر کرداروں کی تلاش بھی شروع کر دی گئی ہے۔
ترجمان کیماڑی پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف تھانہ موچکو میں مقدمہ نمبر 306/26 درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کراچی میں مضرِ صحت اشیاء اور غیرقانونی گٹکے کی ترسیل کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کی جا رہی ہیں تاکہ نوجوان نسل کو اس زہر سے بچایا جا سکے۔
پولیس حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان سے کراچی آنے والے راستوں پر چیکنگ کا عمل مزید مؤثر بنایا جائے گا اور اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
