کراچی: ہائی کورٹ کے حکم پر اینٹی انکروچمنٹ فورس ایسٹ کی بھاری نفری نے سہراب گوٹھ کے علاقے میں تجاوزات کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا ہے۔
کراچی پورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن کا بڑا ایکشن، غیر ملکی جہاز میں سنگین بے ضابطگی بے نقاب
تفصیلات کے مطابق آپریشن کے دوران فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر قائم تمام غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کو مسمار کیا جا رہا ہے۔ کارروائی میں بھاری مشینری بھی استعمال کی جا رہی ہے جبکہ علاقے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
اینٹی انکروچمنٹ فورس ایسٹ کے انچارج احمد جعفری کے مطابق یہ کارروائی روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گی تاکہ علاقے میں تجاوزات کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ آپریشن کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس اور رینجرز حکام کو بھی باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔
احمد جعفری نے مزید بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنر گلزارِ ہجری کو اس آپریشن کا فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے جبکہ کارروائی کی مکمل فالو اپ رپورٹ ہائی کورٹ میں جمع کرائی جائے گی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہر میں ٹریفک کی روانی اور عوامی سہولت کے لیے تجاوزات کے خلاف کارروائی بلاامتیاز جاری رہے گی اور کسی بھی غیر قانونی قبضے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
