وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے چند روز کے دوران دوسری مرتبہ ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال، امن کوششوں اور سفارتی اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
جی ایچ کیو راولپنڈی میں معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کی پروقار تقریب، شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت، دفاعِ وطن کے عزم کی تجدید
دونوں رہنماؤں نے موجودہ علاقائی حالات اور امن کے فروغ کے لیے جاری کوششوں کا جائزہ لیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں استحکام کے لیے سفارت کاری اور باہمی رابطے انتہائی اہم ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور قطر کے درمیان برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد، تعاون اور ہم آہنگی کی ایک مضبوط روایت موجود ہے۔ انہوں نے خطے میں امن کے لیے قطر کے مسلسل اور مثبت کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
ٹیلیفونک گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے امیرِ قطر کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام بھی پہنچایا اور ان کے آئندہ دورۂ پاکستان کے حوالے سے امید ظاہر کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ امیرِ قطر کا مجوزہ دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دینے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے باہمی مشاورت اور سفارتی روابط کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
