لاہور (08 مئی 2026):- محکمہ موسمیات نے شمال مشرقی پنجاب کے مختلف اضلاع کے لیے شدید موسمی صورتحال کا الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 11 سے 13 مئی کے دوران پنجاب کے مختلف علاقوں میں “سپر سیل” بننے کا امکان ہے، جس کے باعث موسم انتہائی شدت اختیار کر سکتا ہے۔
الرٹ کے مطابق لاہور، قصور، پتوکی، شیخوپورہ، اوکاڑہ، نارووال، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں طوفانی ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ اس دوران بعض علاقوں میں ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بھی پیش آ سکتے ہیں، جبکہ تیز رفتار ہوائیں کمزور عمارتوں، سائن بورڈز اور انفراسٹرکچر کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، کھلے مقامات اور کمزور ڈھانچوں سے دور رہیں جبکہ گاڑیوں اور قیمتی سامان کو محفوظ مقامات پر منتقل کریں۔
ماہرین کے مطابق “سپر سیل” ایک انتہائی طاقتور موسمی نظام ہوتا ہے جو شدید بارش، طوفانی ہواؤں، ژالہ باری اور بعض اوقات خطرناک آندھی کا سبب بن سکتا ہے۔
