پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان انسدادِ منشیات تعاون کا تاریخی معاہدہ، سیف سٹی منصوبے میں بھی تعاون پر اتفاق

اسلام آباد (08 مئی 2026):- وفاقی وزیر داخلہ و انسدادِ منشیات محسن نقوی نے بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ صلاح الدین احمد سے اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور انسدادِ منشیات کے شعبے میں مشترکہ اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا، نئی قیمتیں فوری نافذ

ملاقات کے دوران پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان منشیات کی اسمگلنگ، غیر قانونی نقل و حمل اور نشہ آور اشیاء کے استعمال کی روک تھام کے لیے ایک تاریخی مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط بھی کیے گئے۔

معاہدے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے حکومتِ پاکستان جبکہ بنگلہ دیشی وزیر داخلہ صلاح الدین احمد نے اپنی حکومت کی جانب سے دستخط کیے۔

مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ممالک منشیات کی اسمگلنگ، غیر قانونی سپلائی لائنز اور جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنائیں گے۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک کی متعلقہ ایجنسیاں اسمگلرز اور جرائم پیشہ گروہوں سے متعلق بروقت معلومات کا تبادلہ بھی کریں گی۔

معاہدے میں اہلکاروں کی پیشہ ورانہ تربیت، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور انسدادِ منشیات کے مؤثر طریقہ کار کو ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر بنگلہ دیشی ہم منصب کو پاکستان کے “سیف سٹی پراجیکٹ” میں مکمل تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس منصوبے کے حوالے سے بنگلہ دیش کو ہر ممکن تکنیکی اور انتظامی معاونت فراہم کرے گا۔

انہوں نے بنگلہ دیشی وزیر داخلہ کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی، جبکہ صلاح الدین احمد نے سیف سٹی منصوبے میں تعاون کی پیشکش پر محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خطے میں منشیات کے خاتمے، امن و امان کے قیام اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

One thought on “پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان انسدادِ منشیات تعاون کا تاریخی معاہدہ، سیف سٹی منصوبے میں بھی تعاون پر اتفاق

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!