اسلام آباد / خیبرپختونخوا (08 مئی 2026):- سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں دو مختلف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 5 خوارج کو ہلاک کر دیا۔ یہ کارروائیاں 7 اور 8 مئی کے دوران ضلع ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پہلی کارروائی ضلع ٹانک میں خوارج کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر کی گئی، جہاں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 4 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
دوسری کارروائی ڈیرہ اسماعیل خان میں کی گئی، جہاں ایک مزید خوارجی دہشت گرد کو ہلاک کیا گیا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے، جبکہ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عزمِ استحکام وژن کے تحت دہشت گردی کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کی جا رہی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک میں ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھا جائے گا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق خطے میں امن و امان کے قیام کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ مزید تیز کیا جا رہا ہے۔
