آرام باغ میں تجاوزات مافیا کے خلاف رات گئے بڑا کریک ڈاؤن، ایم اے جناح روڈ، کھوڑی گارڈن اور گلاس مارکیٹ کلیئر

کراچی (08 مئی 2026):- اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ کی جانب سے رات گئے کھوڑی گارڈن، ایم اے جناح روڈ اور گلاس مارکیٹ میں تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن کیا گیا، جس میں تمام غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا۔

سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے مس ثنا علی کے اعزاز میں شاندار تقریب، پاکستان کی پہلی لیڈی شیف ڈی مشن بننے پر تاریخی خراجِ تحسین

یہ کارروائی کمشنر کراچی اور ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کی خصوصی ہدایت پر عمل میں لائی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ حاظم بھنگوار کے مطابق یہ آپریشن شہریوں کی شکایات اور بڑھتی ہوئی مشکلات کے پیش نظر کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ان علاقوں میں تجاوزات مافیا نے نہ صرف سڑکوں بلکہ فٹ پاتھوں پر بھی غیر قانونی قبضے جما رکھے تھے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ فٹ پاتھوں پر پیدل چلنا بھی مشکل بنا دیا گیا تھا جبکہ بعض عناصر نے فٹ پاتھوں کو غیر قانونی طور پر فروخت کرنے کی کوشش بھی کی۔

حاظم بھنگوار کے مطابق رات بھر جاری رہنے والے اس آپریشن کے دوران تمام تجاوزات کو ہٹا کر سامان ضبط کر لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایم اے جناح روڈ، کھوڑی گارڈن اور گلاس مارکیٹ کو مکمل طور پر کلیئر کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تجاوزات مافیا نے شہر کی خوبصورتی کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور شہریوں سے ان کا پیدل چلنے کا بنیادی حق بھی چھین لیا گیا تھا، تاہم اب ان علاقوں کو دوبارہ شہریوں کے لیے کھولا جا رہا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ روشنیوں کے شہر کراچی کی خوبصورتی بحال کرنے کے لیے ایسے آپریشنز آئندہ بھی جاری رہیں گے اور شہر کو تجاوزات سے مکمل پاک کرنے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں نے اس آپریشن کو سراہا ہے اور سکھ کا سانس لیا ہے کیونکہ ان علاقوں میں طویل عرصے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!